وفاقی وزیر داخلہ کی یوم سیاہ کشمیر پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی

وفاقی وزیر داخلہ کی یوم سیاہ کشمیر پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری شہدا، حریت رہنماؤں، اسیران اور مظلوم خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے بھارتی ظلم کے خلاف کشمیریوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ 27 اکتوبر کا دن بھارت کے مقبوضہ وادی پر غیر قانونی قبضہ کا سیاہ دن ہے، جب سے بھارتی فوجوں نے کشمیری عوام پر ظلم و جبر شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے 1947 سے اب تک مقبوضہ وادی کو ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے، جس میں پیلٹ گنز، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور خواتین کی تذلیل شامل ہیں۔ کشمیری نوجوان آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، مگر ان کا حوصلہ بلند ہے۔محسن نقوی نے عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بڑھتی ہوئی آواز کے باوجود دنیا کی خاموشی پر تنقید کی اور کہا کہ بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔

 انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے، اور بھارت نے ان قوانین کی پامالی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا قول ہے کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے"، اور مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اور کہا کہ ظلم کے خلاف یہ جدوجہد پاکستان کے دل کی دھڑکن ہے۔نہایت اہم بات یہ ہے کہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔