لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے عہدے کے ایک ہزار دن مکمل ہونے پر صوبے میں جاری اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق تفصیلات پیش کردی ہیں۔
مریم نواز 26 فروری 2024 کو پنجاب کی وزیراعلیٰ منتخب ہوئی تھیں، جبکہ 27 نومبر 2026 تک ان کے دورِ حکومت کے 1005 دن مکمل ہو چکے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے ماضی کے طرزِ حکمرانی پر تنقید کی اور کہا کہ انہیں جو پنجاب ملا تھا وہ جادو ٹونے اور جھاڑ پھونک سے چلایا جاتا تھا، موکل پنجاب چلا رہے تھے۔ ان کے بقول پنجاب کو موکلوں کے شر سے نکال کر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور صوبے کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے باعث اب پورا صوبہ صاف ستھرا اور نکھرا ہوا نظر آتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تمام شہروں کے پاس اپنی ذاتی صفائی مشینری موجود ہے، جبکہ دو لاکھ افراد شہروں، دیہات، محلوں، گلیوں اور سڑکوں کی صفائی پر مامور ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پنجاب کے صفائی منصوبے کو ’’ستھرا آزاد کشمیر‘‘ کے نام سے نافذ کیا گیا۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی حکومت کی تبدیلی کے بعد ’’صاف ستھرا خیبر پختونخوا‘‘ کے نام سے صفائی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔
گرین بس سروس سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب کی سڑکوں پر 1100 گرین بسیں چل رہی ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت ہر روز پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک نئی گرین بس شامل ہوئی ہے، جو شہریوں کے لیے باعزت سفری سہولت بن چکی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ گرین بس سروس خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران جنگ کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور کرایہ 20 روپے ہی برقرار رکھا گیا ہے۔