واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کیے جانے کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں دونوں ممالک تہران کی زیادہ مدد نہیں کر رہے۔
فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کے معاملے پر چین اور روس کے صدور کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے اسے غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ ان کے خیال میں چین ایران کے معاملے میں بہت محدود پیمانے پر ملوث ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چین چاہے تو اس معاملے میں مزید مداخلت کرسکتا ہے، تاہم ان کے نزدیک حقیقی مداخلت سے مراد فائرنگ کرنا اور براہِ راست جنگ میں حصہ لینا ہے، نہ کہ محض کسی ملک کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنا۔ٹرمپ نے جاسوسی سے متعلق سوال پر کہا کہ امریکا بھی دیگر ممالک کے بارے میں معلومات جمع کرتا ہے۔
ان کے بقول اگر دوسرے ممالک امریکا کی جاسوسی کرتے ہیں تو امریکا بھی ان کی جاسوسی کرتا ہے۔روس کی جانب سے ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خیال میں ماسکو تہران کو زیادہ معلومات فراہم نہیں کر رہا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس اور چین دونوں ایران کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ان کے خیال میں دونوں ممالک اس مقصد کے لیے امریکا کی مدد کر رہے ہیں۔