واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس پر بڑی پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہیں، تاہم یہ اقدامات نیٹو ممالک کی مکمل رضامندی پر منحصر ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اگر نیٹو ممالک روس کے خلاف یکساں اقدامات کریں اور ماسکو سے ایندھن کی خریداری بند کریں، تو وہ روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ چین پر 50 سے 100 فیصد مشروط ٹیرف یوکرین جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا، اور یہ ٹیرف روس-یوکرین تنازع کے خاتمے کے بعد معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے چین پر زور دیا کہ اس کا روس پر مضبوط کنٹرول موجود ہے اور ٹیرف چین کی گرفت کو کمزور کر دے گا۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ یوکرین جنگ امریکہ کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ بائیڈن اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کی شروع کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنگ روکنے اور یوکرینی و روسی شہریوں کی جانیں بچانے میں مدد کر رہے ہیں، اور نیٹو اگر اسی طرح اقدامات کرے تو یوکرین جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے۔