چینی صدر نے آبنائے ہرمز کھولنےمیں مدد کی پیشکش کی ہے:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

چینی صدر نے آبنائے ہرمز کھولنےمیں مدد کی پیشکش کی ہے:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے ایران سے متعلق معاملات میں مدد کی پیشکش کی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے معاملے میں۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چینی صدر نے کہا ہے کہ اگر ایران کے معاملے پر کوئی تعاون درکار ہو تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق چین، ایران سے بڑی مقدار میں تیل خریدتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ یہ تجارتی سلسلہ برقرار رہے۔ٹرمپ کے مطابق چینی قیادت آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ دیکھنا چاہتی ہے اور وہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے کی بھی حامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ایران کو فوجی سازوسامان فراہم نہیں کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چین نے 200 بوئنگ طیارے خریدنے پر اتفاق کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کی ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں منعقدہ ایک عشائیے کے دوران شی جن پنگ نے امریکہ اور چین کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کو حریف کے بجائے شراکت دار قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کو باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔چینی صدر نے مزید کہا کہ “امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے” کا نعرہ چینی ترقی کے تصور سے ہم آہنگ ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون عالمی استحکام کے لیے اہم ہے۔