ڈھاکا: بنگلہ دیش میں کم از کم اجرت میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج کرنے والے گارمنٹس ورکرز کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ساؤنڈ گرینیڈ کا استعمال کیا، جبکہ مظاہرین نے ایک پولیس موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت ڈھاکا کے قریب صنعتی شہر غازی پور میں اس وقت احتجاج شروع ہوا جب مزدوروں نے زیادہ اجرت کے مطالبے پر ایک اہم شاہراہ بند کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے احتجاج کے دوران ایک پولیس موٹر سائیکل کو نذرِ آتش کیا، تاہم بعد ازاں صورتِ حال پر قابو پالیا گیا۔غازی پور انڈسٹریل پولیس کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد حسین نے بتایا کہ علاقے میں اب صورتِ حال پُرسکون ہے، تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہائی الرٹ ہے۔یہ احتجاج حکومت کی جانب سے مقرر کردہ چھ رکنی کمیٹی کے اس فیصلے کے ایک روز بعد شروع ہوا جس میں گارمنٹس ورکرز کی کم از کم اجرت میں 36 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم مزدوروں نے اس اضافے کو اپنے مطالبات کے مقابلے میں ناکافی قرار دیا ہے۔ وہ کئی ہفتوں سے کم از کم اجرت کو دوگنا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اجرت میں اضافے کا فیصلہ بدھ کی علی الصبح مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد کیا گیا۔
تاہم اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی مختلف مقامات پر احتجاج شروع ہوگیا، جس سے صنعتی علاقوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ 36 فیصد اضافہ مہنگائی اور روزمرہ اخراجات کے تناظر میں ناکافی ہے اور اس سے مزدوروں کو باعزت زندگی گزارنے کے لیے درکار آمدن حاصل نہیں ہوسکے گی۔رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے باعث متعدد فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، اہم شاہراہیں بلاک ہوئیں، املاک کو نقصان پہنچا اور صنعتی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیش میں مزدوروں کے احتجاج کے ساتھ سیاسی کشیدگی بھی برقرار ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت میں جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کے منصوبے سے متعلق سیاسی تناؤ اور تشدد نے ملک میں عدم استحکام کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔