وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ماحولیاتی اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ماحولیاتی اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

 نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے مریم نواز کو اپنے سالانہ میلے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 30 نومبر کو ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والے نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے سالانہ میلے میں شرکت کریں گی۔ ٹرسٹ نے پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے، جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی حفاظت کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیا ہے۔نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ ارسال کیا۔ ٹرسٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے گرین بسوں کا اجرا، ماحولیاتی تحفظ کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون میں ایک فیصد رقم مختص کرنا اور سرکاری سطح پر پٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اہم اقدامات ہیں۔

ٹرسٹ نے فضائی معیار کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، کلائمٹ واچ اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے قیام کو بھی سراہا ہے۔ اس کے علاوہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی اور پیشگی وارننگ سسٹم کے قیام کو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے مطابق جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف فورس کا قیام، پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال اور موبائل ہسپتالوں کی سہولت بھی قابلِ ستائش اقدامات ہیں۔ٹرسٹ نے پنجاب میں جنگلات کے تحفظ، شجرکاری، پانی کے بہتر استعمال اور ماحول دوست پالیسیوں کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی کے قابل قرار دیا ہے۔