وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے تجارتی، معاشی اور ثقافتی مرکز یوکوہاما شہر کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ٹاؤن ہال میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر جاپانی ماہرین نے شہر کے ماحولیاتی تحفظ، پبلک ٹرانسپورٹ، شہری منصوبہ بندی اور جدید انفراسٹرکچر کے ماڈلز سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں شہروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے جاپان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دورے کے دوران یوکوہاما اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں سٹی ٹو سٹی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور یوکوہاما کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کے تعمیراتی معیار کو جاپان کے برابر لانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
مزید برآں لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں ریلوے اپ گریڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے یوکوہاما میں جدید چیئر لفٹ اور ایئر کیبن سسٹم کا بھی معائنہ کیا اور پنجاب میں ایسے منصوبے متعارف کرانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دورہ جاپان کے ساتھ تعلقات کو نئے فریم ورک میں استوار کرے گا، جس سے اربن ڈویلپمنٹ، ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی بہتری کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت متوقع ہے۔