چیف آفیسر کی گرفتاری کیلئے پیرا فورس آنے پر جھگڑا،تالابندی

ضلعی انتظامیہ کے آفیسر کی فون کال نہ سننے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ،ڈی سی کا نوٹس 
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ) دو افسر وں کے درمیان جھگڑے کے با عث میونسپل کارپوریشن ملازمین نے تالا بندی کرکے ہڑتال کردی، ضلعی انتظامیہ کے آفیسر کی فون کال نہ سننے پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کی گرفتاری کیلئے پیرا فورس پہنچ گئی جس پر ہنگامہ آرائی کے بعد دفاتر کو تالے اورپولیس طلب کرلی گئی تاہم ڈپٹی کمشنر کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع کر ادیاگیا اور ملازمین نے ہڑتال ختم کردی۔ گوجرانوالہ میں اے ڈی سی انفورسمنٹ فہد اعجاز بٹ اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن قیصر امین وڑائچ کے درمیان فون کال نہ سننے پر تنازع شدت اختیار کر گیا ، چیف آفیسر کے مطابق اے ڈی سی انفورسمنٹ نے اپنے پی اے کی گزشتہ روز کال اٹینڈ نہ کرنے پر وضاحت طلب کی، جس پر انہوں نے وزیراعلیٰ کے متوقع دورے کے سلسلے میں مصروفیت کا بتایا۔چیف آفیسر کے مؤقف کے مطابق اے ڈی سی انفورسمنٹ برہم ہوگئے اور پیرا فورس کو انہیں گرفتار کرکے لانے کا حکم دے دیا۔ پیرا فورس کی ٹیم میونسپل کارپوریشن پہنچی تو دونوں محکموں کے اہلکار آمنے سامنے آگئے اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے دفاتر کو تالے لگوا کر احتجاج شروع کر دیا، گھنٹوں ہڑتال سے میونسپل کارپوریشن کے انتظامی امور معطل رہے ۔