شیخوپورہ (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے میں ناکامی پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر عمر سعید کو اظہارِ ناپسندیدگی کا مراسلہ جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق بلدیہ شیخوپورہ اور ٹریفک پولیس نے گزشتہ آٹھ ماہ کی کوششوں کے بعد اندرون شہر لاہور سرگودھا روڈ اور ملحقہ بازاروں و گلیوں سے تجاوزات ختم کرائی تھیں، تاہم ان کے خاتمے کو برقرار رکھنا پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی ذمہ داری تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سردار محمد نعمان ڈوگر کے ہمراہ لاہور سرگودھا روڈ کا معائنہ کیا تو سڑک کے دونوں اطراف دوبارہ تجاوزات نظر آئیں جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ تین روز میں ناقص کارکردگی کی وضاحت دیں، بصورت دیگر ڈائریکٹر جنرل پیرا کو سفارش کی جائے گی کہ ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت تحقیقات کی جائیں۔دریں اثنا سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر عمر سعید کا کہنا تھا کہ فورس میں تعینات افسران و اہلکار پنجاب پولیس سے آئے ہیں، اس وجہ سے کمی کوتاہی ہو جاتی ہے تاہم اسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔