مولانا نے خود گرفتاری دی، آج بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے، ترجمان جے یو آئی

مولانا نے خود گرفتاری دی، آج بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے، ترجمان جے یو آئی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری سے متعلق متضاد دعوے سامنے آگئے ہیں۔

 جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا، جبکہ پولیس ذرائع نے ان کی گرفتاری یا نظر بندی کی تردید کر دی ہے۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر 11 گھنٹوں سے زائد محصور رکھا گیا۔ لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روک دیا تھا، جبکہ وہ سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔اسلم غوری نے بتایا کہ ڈی آئی جی لاہور نے مولانا فضل الرحمٰن کو واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، تاہم انہوں نے یہ تجویز مسترد کر دی۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کو ترجیح دی۔ انہوں نے ملک کو تشدد اور انتشار سے محفوظ رکھنے کی خاطر یہ فیصلہ کیا۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان گزشتہ 10 گھنٹوں سے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے، جبکہ کارکنوں اور عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ تھا۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باعث لاہور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور قومی و صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔اسلم غوری نے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی پورے ملک اور قوم کی شکر گزار ہے اور عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آج بعد نماز جمعہ ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اسلم غوری کے مطابق مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ترجمان جے یو آئی نے واضح کیا کہ پارٹی کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رکھی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔