غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے، آسٹریلیا میں لاکھوں افراد سڑکوں پر

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے، آسٹریلیا میں لاکھوں افراد سڑکوں پر

ویب ڈیسک: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف دنیا بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ سڈنی، میلبرن، پرتھ، ایڈیلیڈ، کینبرا، ہوبارٹ اور برسبین سمیت 40 سے زائد شہروں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق صرف آسٹریلیا بھر میں 3 لاکھ سے زیادہ افراد احتجاج میں شریک ہوئے۔مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری نسل کُشی اور جبری قحط کے خلاف نعرے لگائے اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ عوام نے آسٹریلوی حکومت پر زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عائد کی جائیں تاکہ فلسطینی عوام کو ریلیف مل سکے۔اسی طرح یورپ اور دیگر ممالک میں بھی فلسطین کے حق میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا۔ برطانیہ میں مظاہرین نے ایک بینک کے اندر دھرنا دے کر اسرائیل سے مالی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے میں شرکت کی۔

فن لینڈ میں عوام نے انسانی زنجیر بنا کر فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر "فلسطین آزاد کرو" کے نعرے لگائے گئے۔دوسری جانب اسرائیل کے اندر بھی نیتن یاہو حکومت کے خلاف آوازیں بلند ہونے لگیں۔ تل ابیب میں ہزاروں افراد نے فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر جمع ہو کر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔عالمی سطح پر بڑھتے یہ مظاہرے اس بات کا اظہار ہیں کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کی لہر دنیا بھر میں شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور عوام اپنی حکومتوں پر اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔