جہانیاں: معروف عالمِ دین اور مذہبی مقرر ناصر مدنی کو پنجاب کے ضلع جہانیاں میں نمازِ جمعہ سے قبل خطاب کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑ گیا، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ملتان منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناصر مدنی جہانیاں کی ایک مسجد میں جمعہ سے قبل خطاب کر رہے تھے کہ دورانِ بیان اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق طبیعت خراب ہونے سے قبل انہوں نے کلمۂ طیبہ پڑھا، جبکہ تیسری مرتبہ کلمہ پڑھتے ہوئے وہ منبر پر ہی گر پڑے، جس پر مسجد میں موجود نمازیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کے فوراً بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ طبیعت تشویشناک ہونے کے باعث مزید علاج کے لیے فوری طور پر ملتان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت ڈی ایس پی جہانیاں ملک عبدالمجید بھی مسجد میں موجود تھے، جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں معاونت کی۔ناصر مدنی کی موجودہ صحت سے متعلق اسپتال یا اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ طبی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے ملک بھر میں دعا کی جا رہی ہے۔