پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی تیز

پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی تیز

لاہور: صوبہ بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

 ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس مرزا فاران بیگ نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے عمل درآمد کروائیں۔

بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں پر 9 کروڑ 80 لاکھ روپے کے جرمانے
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، رواں ماہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو 9 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے جا چکے ہیں۔ لاہور میں ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 16 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ صوبہ بھر میں بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔

ہیلمٹ کے استعمال پر سختی، بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس مرزا فاران بیگ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ہیلمٹ کی خلاف ورزیوں پر بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ بار بار بھاری جرمانہ ادا کرنے سے بہتر ہے کہ ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے، کیونکہ ہیلمٹ حادثے کی صورت میں سر کی چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔

محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ سفر کے لیے ہیلمٹ کا استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔