سندھ حکومت نے پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے دینے کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل والے کو شناختی کارڈ کے ذریعے یہ رقم دی جائے گی۔ 15 دن کے اندر سبسڈی کی رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل کی ٹرانسفر بھی مفت کی جا رہی ہے تاکہ اصل مالک کی شناخت آسان ہو۔سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو بھی فی ایکڑ 1,500 روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ بڑے زمیندار اپنی ذمہ داری خود اٹھائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کو بھی ماہانہ سبسڈی دی جائے گی تاکہ عوام اور کاروباری افراد پر مالی دباؤ کم ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عالمی توانائی بحران اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر لیا گیا ہے، اور سبسڈی کا نظام ٹارگٹڈ بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ متاثر ہونے والے طبقے کو فائدہ پہنچے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تقریباً 6.7 ملین موٹر سائیکلیں صوبے میں رجسٹرڈ ہیں، اور سبسڈی پروگرام کے ذریعے ان سب کے لیے آسان اور شفاف نظام بنایا گیا ہے۔مزید یہ کہ وزیر اعلیٰ نے عالمی صورتحال اور ایران پر حملوں کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری حالات کی وجہ سے فیصلے کیے گئے تاکہ عام شہری اور چھوٹے کاروباری افراد محفوظ رہیں اور مالی دباؤ کم ہو۔یہ اقدام صوبے میں توانائی بحران اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔