پنجاب بھر میں جمعۃ المبارک پر سکیورٹی ہائی الرٹ، مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت سخت کرنے کا حکم

پنجاب بھر میں جمعۃ المبارک پر سکیورٹی ہائی الرٹ، مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت سخت کرنے کا حکم

لاہور سمیت پنجاب بھر میں جمعۃ المبارک کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

 انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عبدالکریم نے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ پولیس کو مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ جمعے کی نماز کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں کے اطراف پولیس پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ حساس مقامات کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے اور مشکوک افراد و سامان کی مکمل تلاشی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس افسران کو فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا سے متعلق مہم تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔

مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات اہلکاروں کی ڈیوٹی مؤثر بنائی جائے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔آئی جی پنجاب نے دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی انتظامات کی نگرانی اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردعمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔