دوسرا بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرآت‘ مراکش نمبرون‘پاکستان کی دوسری پوزیشن قرآن پاک امن، انصاف کا درس دیتا ہے: اسحاق ڈار

مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق نے پہلی، پاکستان کے قاری عبد القدوس الباز نے دوسری ‘ انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی
 وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام تین روزہ عالمی مقابلے میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے ممتاز قراء  کی شرکت‘ حاضرین کے دلوں کو منور کیا
اسلام آباد(آن لائن)وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے  قرآن پاک پوری انسانیت کے لیے امن، انصاف، ہمدردی اور باہمی احترام کے فروغ کی رہنمائی فراہم کرتا ہے، قرآن کریم کی تعلیمات کو محض پڑھنے تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں سمجھنے اور انفرادی و اجتماعی زندگی میں عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم امہ میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں دوسرے بین الاقوامی قرآت مقابلہ 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  قرآن پاک کی تعلیمات انسانوں کو امن، انصاف، ہمدردی اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتی ہیں۔ ان تعلیمات کو سمجھنا اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات کے حل کے لیے بات چیت، حکمت اور ایک دوسرے کے احترام کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ مشترکہ مقاصد کے حصول اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔مقابلے میں میں مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق نے پہلی، پاکستان کے قاری عبد القدوس الباز نے دوسری جبکہ انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام تین روزہ عالمی مقابلے میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے ممتاز قراء￿  کرام نے شرکت کی اور اپنی خوبصورت تلاوت سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق کو 50 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے قاری عبد القدوس الباز کو 30 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ کو 20 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔