اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ دوسرا بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ قرآن کریم کے ساتھ ہماری اجتماعی وابستگی کا اظہار ہے، پاکستان کے لیے اس عالمی مقابلے کی میزبانی اعزاز کی بات ہے۔دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرت 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ مقابلہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان روحانی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔ قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ اس کے فہم اور عملی پیروی کو بھی فروغ دینا ضروری ہے۔ قرآن کریم ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ قرآن کریم کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے اہم قانون سازی کی گئی ہے۔ قرآن مجید کی درست طباعت سے متعلق 1973 کے قانون میں ترمیمی ایکٹ 2024 پارلیمان سے منظور کروایا گیا جبکہ ملک بھر میں قرآن کریم کی طباعت و اشاعت میں یکسانیت کے لیے معیاری نسخہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کے تقدس اور صحتِ متن کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ پاکستان قرآن کریم کی تعلیم، حفظ اور فنِ قرت کے فروغ میں عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گا۔ قومی سطح پر حفظ و قرت کے مقابلوں کے ذریعے باصلاحیت حفاظ اور قرا کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچاسویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد بھی ایک اہم تاریخی سنگ میل تھا۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو قومی کردار سازی اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ بنانا ہمارا وژن ہے۔ قرآن و سیرت کے علمی سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل لائبریری اور ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن کریم مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو ایک امت بناتا ہے۔ پاکستان امن، مکالمے، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ قرآن کریم عدل، احسان اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق مضبوط، پرامن اور خوشحال ریاست بنانا ہمارا عزم ہے