پاکستان امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی مظہر ہے: عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں مذہبی سیاحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور مہمان نوازی کی خوبصورت روایت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد کا اسلام آباد کے سیاحتی مقام دامن کوہ میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے سکھ یاتریوں سے پنجابی زبان میں بے تکلفانہ گفتگو کی، جس سے ملاقات کا ماحول خوشگوار اور دوستانہ ہوگیا۔اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ یہاں مختلف مذاہب کی مقدس شخصیات سے منسوب مذہبی مقامات موجود ہیں۔ ان مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور حفاظت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کا موقع بھی پاکستان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔سکھ یاتریوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دامن کوہ ایک انتہائی دلکش مقام ہے، جہاں سے وفاقی دارالحکومت کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ مذہب کے مقدس مقامات کی موجودگی ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔