دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم میں مثالی اتحاد واتفاق قائم ہے
فیصل آباد (آئی این پی )سابق وزیرمملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی سے عالمی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان کے وفد نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ مرکزی چیئرمین صاحبزادہ عرفان جاوید قادری کی سربراہی میں وفد کے دیگر ارکان میں چیف آرگنائزر حاجی آصف ملک‘ وائس چیئرمین مہر محمد نعیم‘ سینئر نائب صدر محمد عامر شہزاد‘ سٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ماجد لطیف‘ محمد شہباز ملنگ ودیگر شامل ہیں۔ چوہدری عابد شیر علی نے عالمی بین المذاہب امن کمیٹی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر پختہ یقین رکھتی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے پوری قوم میں مثالی اتحاد واتفاق قائم ہے۔ چیئرمین صاحبزادہ عرفان جاوید قادری نے کہا کہ پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے اخوت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور ہم سب ملکر پاکستان کو امن اور رواداری کاگہوارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ وائس چیئرمین مہر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ امن کے فروغ کیلئے مذہبی ہم آہنگی ناگزیر مل کر کام کرنا ہو گا۔ اسلام رواداری، امن، تحمل وبرداشت کا دین ہے اورنبی کریمؐ نے بھی اپنے اسوہ حسنہؐ کے ذریعے پیارومحبت،امن وسلامتی کاپیغام دیا ہے اور ہر مسلمان کا دل حضورنبی کریمؐ کی محبت سے معمور ہے۔