ٹریفک پولیس نے ملک بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری گاڑیوں کے خلاف ای چالان ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس مہم کے تحت چند گھنٹوں کے دوران درجنوں سرکاری گاڑیاں پکڑی گئی ہیں جو ای چالان جرمانہ جمع کروانے سے قاصر تھیں۔ ان میں اہم اداروں سے متعلق گاڑیاں شامل ہیں، جن میں نیشنل بینک، لیسکو، ایف آئی اے سائبر کرائم، پنجاب پولیس، پی اینڈ ڈی، اور الیکشن کمیشن کی گاڑیاں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق، ای چالان کے جرمانے آن لائن جمع کروانے کے بعد ان گاڑیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ تاہم، وہ سرکاری گاڑیاں جنہوں نے جرمانہ جمع نہیں کروایا، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان گاڑیوں کو بند کر دیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔ یہ مہم سرکاری اور غیر سرکاری دونوں قسم کی گاڑیوں کے لیے یکساں طور پر نافذ العمل ہے اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے کی جا رہی ہے۔