لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ شہر میں منظم ٹریفک اور محفوظ سفر کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہوگئی۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آج سے شہر بھر میں خصوصی جنرل ہولڈاپ جاری ہے، جس کے تحت نادہندہ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرکے واجب الادا چالان جمع کروانے کے بعد ہی انہیں رہائی دی جائے گی۔مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور وحدت روڈ سمیت 17 اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز بھی محدود کردی گئی ہیں، اور سیکیورٹی کے لیے سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنس سسٹمز کو آپس میں منسلک کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سگنل، لین لائن، ون وے، دھواں چھوڑنے سمیت 22 سے زائد خلاف ورزیوں پر فوری ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، اور نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔