متحدہ عرب امارات نے فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 1 کروڑ خوراک کے پیکٹس کی مہم شروع کی گئی ہے۔
یہ اقدام غزہ میں جاری انسانی بحران کو مدد فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔اس سلسلے میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عوام سے مدد اور تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ امدادی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل ہو سکیں۔ خوراک کی یہ مہم خوراک پیکنگ ایکسپو سٹی میں جاری ہے، جہاں خصوصی طور پر غزہ کے بچوں کے لیے فوری امدادی اشیاء تیار کی جا رہی ہیں۔ شیخ محمد کی ہدایت پر ہیومینیٹیرین شپ غزہ کے لیے روانہ کی جائے گی تاکہ انسانی ہمدردی کے تحت امداد پہنچائی جا سکے۔پچھلے دو سال کے دوران متحدہ عرب امارات نے غزہ کے لیے 8700 ٹرک اور تقریباً 16 لاکھ امدادی پیکجز روانہ کیے ہیں، جن میں بنیادی ضروریات کی اشیاء شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اماراتی مہم الفارس الشہم تھری کے تحت 250 قافلے غزہ روانہ کیے گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی امدادی پیکجز بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، اماراتی حکام نے غزہ کے لیے 33 ایمبولینسیں اور فیلڈ کلینک بھی فراہم کیے ہیں۔ ان فیلڈ کلینکس میں پانی، طبی سہولیات اور انفراسٹرکچر سپورٹ شامل ہے، تاکہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری امداد فراہم کی جا سکے۔یہ تمام اقدامات فلسطینیوں کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور غزہ میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے ایک بڑا قدم ہیں، اور اماراتی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر انسانیت کی خدمت کے عزم کا مظہر ہیں۔