وائٹ ہائوس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار دی گئی

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار دی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہائوس کے قریب ایک شخص نے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ وہ تمام تر صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور صدر ٹرمپ کو فائرنگ کے واقعے سے متعلق بریفنگ دیدی گئی ہے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد وائٹ ہائوس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقے کو بھی گھیرے میں لے لیاگیا، پولیس نے شہریوں کو آئی اسٹریٹ کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو جانور قرار دیدیا۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔دونوں اہکاروں کا تعلق ریاست ویسٹ ورجینیا سے تھا، ویسٹ ورجینیا کے گورنر نے کہا کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تحقیقات کی جاری ہیں۔دوسری جانب فائرنگ کے واقعے کے بعد واشنگٹن کے رونالڈ ریگن ائیرپورٹ پر پر وازوں کو سکیورٹی کی وجہ سے گرائونڈ کیا گیا تاہم کچھ دیر کی بندش کے بعد ائیرپورٹ پر معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع کردی گئیں۔