2 خاندانوں کو3کروڑ10لاکھ روپے مالیت کے مکانات دے دئیے گئے
مالی مراعات کی مد میں 3خاندانوں کو1کروڑ40لاکھ روپے کی رقم ادا کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں قربان کرنے والے شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے لاہور پولیس کی جانب سے مثالی اقدامات جاری ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ شہداء پیکج کے تحت 2025ء میں 2 خاندانوں کو3کروڑ10لاکھ روپے مالیت کے مکانات دیئے گئے ہیں۔ مالی مراعات کی مد میں 3خاندانوں کو1کروڑ40لاکھ روپے کی رقم ادا کی گئی ہے۔اسی طرح پولیس ملازمین کے بچوں کی سکالر شپ کی مد میں 17خاندانوں میں 58لاکھ روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔ جہیز فنڈ کے تحت شہداء کے 8خاندانوں میں 32لاکھ تقسیم کئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق گزارہ الائونس کی مد میں 16خاندانوں کو 35لاکھ روپے سے زائدادا کئے گئے ہیں۔ گروپ انشورنس کی مد میں 3خاندانوں کو7لاکھ73ہزار سے زائد کی رقم دی گئی ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے خاندانوں کی فلاح و بہبودمحکمہ پولیس کا اہم ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے دستیاب وسائل سے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہداء کے اہل ِ خانہ کو گھروں کی فراہمی، بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر مرحلے پر شہداء کے اہل ِ خانہ کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔