پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود ، ایک ارب 34 کروڑ 66 لاکھ رقم خرچ

 ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 41 کروڑ 78 لاکھ فراہم کیے گئے:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے رواں سال ایک ارب 34 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کردی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کو مختلف ویلفیئر مدات میں مالی معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 39 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی، جبکہ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 41 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لیے 18 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ اسی طرح ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں پولیس ملازمین کو 20 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کی فیملیز کو گزارا الاؤنس کی مد میں 10 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دیے گئے، جبکہ تدفین کے اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 3 کروڑ 24 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں بھی ایک کروڑ روپے سے زائد رقم دی گئی۔ پنجاب پولیس حکام کے مطابق پولیس ویلفیئر فنڈ اور ویلفیئر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن سے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے اور فلاح و بہبود کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔