بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع پریاگراج میں ایک شادی کی تقریب نے روایتی رسوم کو بدل کر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہاں دلہن نے اپنی شادی کے دوران انوکھی اور منفرد طریقہ اپنایا، جس میں وہ خود بارات لے کر دلہے کے گھر پہنچ گئی۔ اس اقدام نے نہ صرف مقامی روایت کو چیلنج کیا بلکہ سماجی سطح پر بھی ایک مثبت پیغام دیا ہے۔اس تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں لوگ اس انوکھے انداز کو سراہ رہے ہیں۔ ویڈیوز میں دلہن کو بھگی میں بیٹھی اور گانوں کے ساتھ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ پوری بارات بھی موجود ہے۔ دلہن کے رشتے داروں نے روایتی انداز میں بارات کی آرتی اتاری، جو عام طور پر دلہا کے گھر کی روایت ہوتی ہے، لیکن اس بار دلہن خود اپنی بارات لے کر پہنچی۔
یہ انوکھا اقدام دلہن کے والد راجیش جیسوال کا خواب تھا۔ وہ پانچ بیٹیوں کے والد ہیں اور چاہتے تھے کہ ان کی بیٹیوں کی شادی بھی روایتی رسم و رواج سے ہٹ کر دھوم دھام سے ہو۔ اس جذبے کے تحت انہوں نے خصوصی شادی کارڈ بھی چھپوائے تھے جن پر ’لڑکی کی بارات‘ لکھا ہوا تھا۔گھر پہنچنے پر دلہے کے اہلِ خانہ نے دلہن کا گرمجوشی سے روایتی انداز میں استقبال کیا۔ اس پورے واقعہ نے سماجی سطح پر مختلف ردعمل پیدا کیے ہیں۔ بعض لوگوں نے اس اقدام کو صنفی مساوات اور مثبت سماجی تبدیلی کی ایک مثال قرار دیا ہے، جبکہ کچھ اس پر مذاق بھی کر رہے ہیں۔ یہ تقریب ثابت کرتی ہے کہ روایتی رسم و رواج میں تبدیلی ممکن ہے اور نئی نسل اپنی پسند اور سوچ کے مطابق اپنی شادی کی تقریبات کو منفرد بنا سکتی ہے۔