سوشل میڈیا پر ایک دلہے کی بارات میں اپنے پالتو کتے کے ساتھ رقص کرنے کی ویڈیو اس وقت وائرل ہوگئی ہے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
ویڈیو میں دلہا بارات کے دوران ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے اپنے پالتو کتے کو گود میں اٹھائے ہوئے ہے، جو گلابی رنگ کے خوبصورت لباس میں ملبوس ہے۔ یہ ویڈیو مختلف انسٹاگرام پیجز اور سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی گئی اور اس پر مختلف مشہور شخصیات نے بھی ردعمل دیا، جن میں پارول گلاٹی، سونم باجوہ اور ایشا گپتا شامل ہیں۔ویڈیو نے صارفین کے دل جیت لیے، اور کمنٹس میں لوگوں نے دلہے کی اس منفرد حرکت کی بھرپور تعریف کی۔ ایک صارف نے بتایا کہ "یہ میرے بھائی کی شادی ہے اور اس کتے کا نام لوسی ہے"۔ ایک اور صارف نے کمنٹ کیا کہ "کتنے اچھے لوگ ہیں! اپنے کتے کو نہ صرف بارات میں ساتھ لائے بلکہ اسے خوبصورت لباس پہنا کر پوری اہمیت دی۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ کوئی خاص نسل کا کتا نہیں، بلکہ ایک عام کتا ہے جسے گود لیا گیا ہے"۔ ایک اور صارف نے کہا کہ "جوڑے کے لیے ڈھیر ساری محبت اور نیک تمنائیں، دعا ہے کہ آپ دونوں کی زندگی بھی اسی طرح محبت سے بھر جائے جیسا آپ نے اس کتے کی زندگی کو پیار سے بھر دیا"۔اس ویڈیو نے ثابت کیا کہ لوگوں کے دلوں میں اپنے پالتو جانوروں کے لیے محبت اور توجہ کا کوئی قاعدہ یا حد نہیں ہوتی، اور شادی جیسے خوشی کے موقع پر اپنے پالتو جانور کو بھی ساتھ لانا ایک منفرد اور دل کو خوش کر دینے والی حرکت ہے۔