اسرائیل نے مغربی کنارے فلسطینیوں کی جگہ اپنی بستیاں بنانے کا منصوبہ منظور کر لیا

  اسرائیلی فوجی کارروائی دونوں اقوام کے لوگوں کے لیے مکمل تباہی کا سبب، یہ منصوبہ خطے کو ایک مستقل جنگ کی طرف دھکیل دے گا: فرانسیسی صدر 
غزہ، پیرس، برلن(آئی این پی )اسرائیل نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے  کیلئے  زمینی کارروائی کا آغاز کر دیا جبکہ اسرائیل نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی جگہ پر اپنی بستیاں بنانے کا منصوبہ منظور کر لیا ہے جس کی فرانس اور جرمنی نے مذمت کی ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے  اسرائیلی فوجی کارروائی دونوں اقوام کے لوگوں کے لیے مکمل تباہی کا سبب بن سکتی ہے، اسرائیل کا یہ منصوبہ خطے کو ایک مستقل جنگ کی طرف دھکیل دے گا۔اردن کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے مظالم سے قتلِ عام اور فاقہ کشی ہو رہی ہے اور اس کے وسیع تر اقدامات سے شرقِ اوسط میں امن کے تمام امکانات ختم ہو رہے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے علاقے کی زیادہ تر آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور ان میں سے کئی لوگ کئی بار بے گھر ہوئے ہیں۔ادھر جرمنی کی طرف سے بھی غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن میں اضافے کی مذمت کی گئی ہے۔