پاکستان کی بیرونی فنانسنگ رپورٹ: 4 ماہ میں 1.72 ارب ڈالر کی موصولی

پاکستان کی بیرونی فنانسنگ رپورٹ: 4 ماہ میں 1.72 ارب ڈالر کی موصولی

اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی فنانسنگ سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں مالی سال 2024 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کو 1 ارب 72 کروڑ ڈالر کی بیرونی امداد موصول ہونے کی تفصیلات دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا بیرونی فنانسنگ کا سالانہ ہدف 19 ارب 39 کروڑ ڈالر تھا، تاہم، 4 ماہ میں صرف 8.88 فیصد فنڈز ہی موصول ہو سکے۔ آئی ایم ایف سے 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ ان اعداد و شمار میں شامل نہیں ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس دوران پاکستان کو مختلف ممالک سے 25 کروڑ 98 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جب کہ عالمی مالیاتی اداروں سے 72 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد حاصل کی گئی۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے کمرشل قرضے کے طور پر 20 کروڑ ڈالر بھی حاصل کیے اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 54 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔اقتصادی امور ڈویژن نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران 9 ارب ڈالر کے چینی اور سعودی ڈیپازٹس میں توسیع کی توقع ہے، جس میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر اور چین سے 4 ارب ڈالر شامل ہیں۔