عالمی بینک نے صوبہ سندھ کیلئے 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی

عالمی بینک نے صوبہ سندھ کیلئے 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی

کراچی: عالمی بینک نے صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی، صفائی اور حفظان صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق فنڈنگ اسٹار واش ون (STAR WASH) منصوبے کے لیے فراہم کی جائے گی، جس سے سندھ کے دیہی علاقوں میں رہنے والے تقریباً 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت مقامی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ صفائی اور حفظان صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کے قد نہ بڑھنے یعنی اسٹنٹنگ کی بڑی وجوہات میں غیر محفوظ پانی کا استعمال اور صفائی کی ناقص صورتحال شامل ہیں۔ منصوبے کے ذریعے دیہی سندھ میں صاف پانی اور بہتر صفائی کی سہولتیں فراہم کرکے بچوں میں اسٹنٹنگ کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی سندھ کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔