پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے خاتمے کے بعد راولپنڈی میں پانچ روز بعد معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں۔
فیض آباد انٹرچینج کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور مری روڈ پر کنٹینرز ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ ڈبل روڈ اور آئی جے پی روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، جبکہ اسلام آباد ایکسپریس کی طرف جانے والے راستے بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔مری روڈ پر پانچ روز سے بند کاروباری مراکز بھی دوبارہ کھل گئے ہیں۔ راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بس اڈے بھی کھول دیے گئے ہیں، اور شہر میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ، پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 4 روز سے بند موٹر ویز کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بند راستے فوری کھولنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام شاہراہوں پر صفائی کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔