برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر 35 ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے سمٹ کریں گے

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر 35 ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے سمٹ کریں گے

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ اس ہفتے ایک بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد کرے گا جس میں 35 ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے تاکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سمٹ کی میزبانی برطانوی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر کریں گی۔ سمٹ کا مقصد یہ جائزہ لینا ہے کہ کون سے سفارتی، سیاسی اور فوجی اقدامات سے دنیا کے اہم توانائی ترسیل کے اس بحری راستے کو محفوظ اور قابل رسائی بنایا جا سکتا ہے۔کیئر اسٹارمر نے بتایا کہ اس میٹنگ کے بعد فوجی منصوبہ ساز بھی شریک ہوں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ جنگ بند ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کی حفاظت کیسے کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ، سمٹ میں جہاز رانی، مالیات اور توانائی کے شعبے کے برطانوی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ بھی بات چیت ہوگی، جنہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج انشورنس نہیں بلکہ تیل بردار جہازوں کی حفاظت ہے۔ لہٰذا سمٹ میں فوجی طاقت اور سفارتی سرگرمیوں کو یکجا کرنے پر زور دیا جائے گا تاکہ عالمی توانائی سپلائی محفوظ رہ سکے۔