پی ٹی آئی قیادت بھی خون خرابہ نہیں مذاکرات چاہتی ہے ‘ہم نے یہ دعویٰ نہیں کیا تھا مظاہرین اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے انہیں ‘ روکنے کیلئے ہر کوشش کرنے کی بات کی تھی
مظاہرین میں 2 ہزار تربیت یافتہ افراد شامل ہیں، بہت سے لوگوں کی شناخت کرلی گئی ‘خیبرپختونخوا حکومت کے سارے وسائل اس احتجاج میں لگ رہے ہیں:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کرتے ہوے کہا کوئی خفیہ لیڈرشپ احتجاجی مظاہرے کو کنٹرول کررہی ہے جو پی ٹی آئی میں ہر کسی سے زیادہ طاقتور ہے۔ ہم نے یہ دعویٰ نہیں کیا تھا کہ مظاہرین اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے بلکہ انہیں دارلحکومت میں داخلے سے روکنے کے لیے ہر کوشش کرنے کی بات کی تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج میں پنجاب سے ایک بھی شخص نہیں آیا، سب لوگ خیبر پختونخوا سے آئے ہیں، ان میں 2 ہزار وہ لوگ بھی شامل ہیں جو تربیت یافتہ ہیں، ان میں سے بہت سے لوگوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ان کے بیک گرائونڈ ہم نے چیک کرالیے ہیں کہ وہ لوگ کون ہیں، یہ جلد آپ کو بھی پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا ہم ڈی چوک پر فائرنگ شروع کردیں تو کوئی بندہ نہیں آئے گا لیکن ہم نے ایسا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا پاک فوج کی تعیناتی ریڈ زون کے تحفظ کے لیے کی گئی، بیلا روس کے سربراہ مملکت اس وقت ریڈ زون میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ دعویٰ نہیں کیا تھا کہ مظاہرین اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے بلکہ انہیں اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لیے ہر کوشش کرنے کی بات کی تھی، ہم نے اس کے لیے پی ٹی آئی سے بات چیت بھی کی، اس وقت بیلا روس کا وفد بھی یہاں موجود ہے، ہمارے لیے ریڈ زون کی حفاظت سب سے ضروری ہے۔ مظاہرین کے پاس آنسو گیس کے شیلز کی موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ پختونخوا کی حکومت کے سارے وسائل اس احتجاج میں لگ رہے ہیں، ایک شیل کی قیمت 4500 روپے ہے، یہ سب خیبر پختونخوا کی حکومت نے انہیں فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی لیڈرشپ پاکستان کے مفاد کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی لیکن ایک خفیہ طاقت پیچھے بیٹھی ہوئی ہے اور وہی خفیہ ہاتھ پاکستان کو بدنام کرنے کے ایجنڈے پر عمل کر رہا ہے، اس خفیہ طاقت کا ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا نہیں ہے، وہ خفیہ ہاتھ کامیاب نہیں ہوسکا