لاہور،قصور،اسلام آباد، پنڈی،مری،گلیات، کشمیر، بالائی علاقوں میں بادل برسیں گے
شہری احتیاطی تدابیر اختیار، غیر ضروری سفر سے گریز کریں:پی ڈی ایم اے، الرٹ جاری
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات کے مطابق نم آلود ہوائیں مسلسل بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ 28 مئی سے مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے جس سیآج منگل کی شام سے 31 مئی تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتراضلاع، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب سرگودھا ،میانوالی ، ملتان، ڈیرہ غازی خان ،بہاولپور ، بہاولنگر، گوجرانوالہ ،جہلم، چکوال ، گجرات، منڈی بہائوالدین،مری،گلیات، مظفر آباد، راولا کوٹ اور باغ، گلگت ، سکردو ، ہنزہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، دیر، سوات، کوہاٹ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور چند مقامات پر ڑالہ باری کا امکان ہے۔بلوچستان کے متعددعلاقوں اورزیریں سندھ میں بھی بارشوں، ڑالہ باری ہوسکتی ہے۔ ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا،آج سے 31 مئی تک بیشتر اضلاع میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کو الرٹ جاری کر دیا اور ہدایت کی ہے کہ شہری خراب موسم پرغیر ضروری سفر سے گریز کریں،احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی چلنے پر محفوظ مقامات پر رہیں۔پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 46، جیکب آباد، دالبندین ، بدین اور چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔