بارشوں کے ایک اورسپیل کی پیشگوئی، 5 ستمبر تک بارشوں سے سیلابی صورتحال بھی شدت اختیار کرسکتی ہے،:پی ڈی ایم اے

  الرٹ جاری    پنجاب کیلئے خطرے کی گھنٹی بھارت نے بھی پانی چھوڑ دیا

سیلاب سے  46 اموات، 35 لاکھ افراد متاثر،گجرات میں 577 ملی میٹر بارش: ،کئی دیہات زیرآب، تعلیمی ادارے بند،قیدی لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل،سیلابی ریلا ملتان میں ریلوے برج تک پہنچ گیا ، کبیر والا میں تباہی
لاہور،گجرات،ملتان(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)بارشوں  کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرہ پنجاب کیلئے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے 5 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کردیا ہے۔ گجرات میں 577 ملی میٹر بارش،برساتی نالے بپھر گئے،کئی دیہات زیرآب ، ڈسٹرکٹ جیل اور احاطہ سیشن کورٹ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔سیشن کورٹ میں بارش کا پانی جمع ہونے سے کئی قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل کیا گیا۔کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق گجرات میں 24 گھنٹوں میں 577 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کی وجہ سے مختلف علاقے زیر آب،دیہات بھی ڈوب گئے۔بارش کے باعث ضلع بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ راوی کا سیلابی ریلا ملتان میں ریلوے برج تک پہنچ گیا ، کبیر والا میں درجنوں دیہات پانی میں ڈوب گئے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 46 ہوگئی، 35 لاکھ افراد متاثر، ریلیف کیمپوں میں 30 ہزار افراد موجود ہیں۔ 5 ستمبر تک بارشوں کے امکان سے سیلابی صورتحال بھی شدت اختیار کرسکتی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح4 لاکھ 68 ہزارکیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 339470 کیوسک، قادرآباد ہیڈ ورکس پر 232450 کیوسک ہے جب کہ  چنیوٹ پل پر  108343 کیوسک ہے۔ اس کے علاوہ تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح 355744 کیوسک، دریائے راوی جسڑ کے مقام پر 71010 کیوسک، راوی سائفن پر 54190 کیوسک، شاہدرہ کے مقام پر53630 کیوسک، بلوکی ہیڈ ورکس پر 117655 کیوسک اور سدھنائی ہیڈ ورکس پر 193470 کیوسک ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج جی ایس والا پر پانی کی سطح 269501 کیوسک، سلیمانکی ہیڈ ورکس پر 122736 کیوسک، اسلام ہیڈ ورکس پر 95727 کیوسک جب کہ پنجند ہیڈ ورکس پر 182107 کیوسک ہے۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا، دریائے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا، فلڈ الرٹ جاری،بھارت کا پاکستان سے سفارتی سطح پر ایک بار پھر رابطہ، بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری۔وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروز پور زیریں کے مقامات پر سیلاب کا خدشہ ہے۔ دریائے توی میں جموں کے مقام پر اونچے سیلاب کا خدشہ ہے۔اس سے قبل بھارت نے دریائے چناب میں بھی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ وزارت آبی وسائل نے انتباہی خط جاری کر دیا۔ جس میں 28 اہم محکموں کو آگاہ کیا گیا ہے۔