رواں ماہ 20 ریل گاڑیاں منسوخ

پاک بزنس 11 ،شاہ حسین 7 ،قراقرم اور کراچی ایک ایک بار معطل کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) ریلوے سسٹم پر مسافروں کی تعداد میں مسلسل کمی کے باعث کراچی جانے والی متعدد ٹرینیں منسوخ ہونے لگیں، ریلوے کے شعبہ مارکیٹنگ اور کمرشل کی مبینہ عدم توجہ کے باعث ریل کے مسافروں کی تعداد میں مسلسل کمی ہونے لگی ،رواں ماہ مجموعی طور پر 20 ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔لاہور سے کراچی جانے والی پاک بزنس ایکسپریس 11 ،لاہور سے براستہ فیصل آباد جانے والی شاہ حسین ایکسپریس 7 بار ، قراقرم اور کراچی ایکسپریس کو ایک ایک بار معطل کیا گیا۔گزشتہ روز بھی شاہ حسین ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا۔ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں اکاموڈیٹ کیاگیا، ٹرینیں منسوخ ہونے کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصل آباد کے مسافروں کو ٹکٹیں ریفنڈ کی گئیں ،ٹرینیں منسوخ ہونے سے ریلوے کو بھی لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمد و روانگی میں گھنٹوں تاخیر کے باعث مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی۔