وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کان کنی، شمسی توانائی، آئل اینڈ گیس سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف سے کوئٹہ میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران خضدار سانحے کے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں اکنامک زونز کی ترقی میں ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہمیشہ قانونی تجارت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور سمگلنگ کے خلاف سخت موقف رکھتی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سرمایہ کار بلوچستان میں صنعتیں قائم کریں، جس سے نہ صرف صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔یہ ملاقات بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی گئی ہے۔