وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے اہم گفتگو کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح خواتین کو ایک محفوظ اور باوقار کام کا ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کر سکیں۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ہراسانی کے خلاف مؤثر شکایتی نظام نہ صرف خواتین کو انصاف فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ اس سے معاشرے میں خواتین کے خلاف ہونے والی بدسلوکیوں کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فوسپا کا جدید شکایات کے انتظام کا نظام شکایات کے ازالے کے عمل کو زیادہ موثر اور تیز بنائے گا، جس سے ہراسانی سے متعلق شکایات کے اندراج اور ان پر پیش رفت معلوم کرنا آسان ہو جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فوسپا ایپ کے ذریعے شکایات درج کرنے اور ان کی کاروائی کا بروقت جائزہ لینے کا عمل نہایت آسان اور شفاف ہوگا، جس سے خواتین کو بروقت انصاف ملنے کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے موثر نفاذ سے خواتین کو ہراسانی کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کا یقین دلایا جا سکتا ہے، جو خواتین کے حقوق کے تحفظ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر قانون نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی تاکہ معاشرے میں ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔