پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گیمر ارسلان ایش نے سعودی عرب میں ہونے والے ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2025ء میں اپنی جگہ حاصل کر لی ہے۔
وہ اس عالمی سطح کے ایونٹ میں ٹیکن 8 ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ای اسپورٹس ورلڈ کپ 7 جولائی سے 24 اگست 2025 تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر کے 200 سے زائد کلبز اور 2 ہزار سے زائد کھلاڑی 25 مختلف ای اسپورٹس ٹائٹلز میں حصہ لیں گے۔ اس بڑے ایونٹ میں مجموعی انعامی رقم 70 ملین ڈالرز مقرر کی گئی ہے، جو ای اسپورٹس کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم تصور کی جا رہی ہے۔ارسلان ایش 14 سے 16 اگست تک جاری رہنے والے ٹیکن 8 ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گے، جہاں دنیا کے 32 بہترین کھلاڑی ایک ملین ڈالر کی انعامی رقم کے لیے آمنے سامنے آئیں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ارسلان ایش اس سے قبل بھی متعدد بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ ایوولوشن چیمپئن شپ سیریز (EVO) کے ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں، حالانکہ کئی مواقع پر انہیں ویزا کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا بھی رہا ہے۔پاکستانی گیمنگ کمیونٹی اور ارسلان کے مداحوں نے ان کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور ایونٹ میں ان کے شاندار کھیل کی امید ظاہر کی ہے۔