اسپورٹس میں پاکستان کی دھوم: ایک دن میں اسنوکر کے دو عالمی ٹائٹل، والی بال میں بھارت کو شکست

اسپورٹس میں پاکستان کی دھوم: ایک دن میں اسنوکر کے دو عالمی ٹائٹل، والی بال میں بھارت کو شکست

پاکستان نے ایک ہی دن میں عالمی اسپورٹس کے میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے دو عالمی اسنوکر ٹائٹلز جیت لیے جبکہ ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اسنوکر میں دو عالمی فتوحات: محمد آصف اور حسنین اختر کا کارنامہ
پاکستانی کیو گیمز کے تجربہ کار اور نوجوان ستاروں نے دنیا بھر کو اپنی صلاحیتوں سے متاثر کر دیا۔آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے ماسٹرز کیٹیگری میں محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے برجیش دامانی کو 3 کے مقابلے میں 4 فریمز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میچ انتہائی سنسنی خیز اور سخت مقابلے پر مشتمل تھا۔دوسری جانب پاکستانی نوجوان کیوئسٹ حسنین اختر نے انڈر 17 کیٹیگری میں ویلز کے ریلی پاؤل کو 0-4 سے یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔حسنین اختر اس کیٹیگری میں ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، جس پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

چیئرمین پی سی بی کی جانب سے مبارکباد
چیئرمین پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے محمد حسنین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:"حسنین اختر نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں۔"
والی بال میں بھارت کو شکست، پاکستان فائنل میں
اسپورٹس کے محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں ملی، جہاں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔پاکستان نے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کو 16-25، 19-25، اور 12-25 کے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

پاکستان کی نوجوان نسل کا نیا عزم
اسنوکر اور والی بال جیسے کھیلوں میں ایک ہی دن میں یہ نمایاں کامیابیاں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔