پاک بھارت فٹبال میچ میں مصافحہ، کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی مثال قائم کردی

پاک بھارت فٹبال میچ میں مصافحہ، کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی مثال قائم کردی

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں مصافحے کے تنازعات کے برعکس فٹبال کے میدان میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے کھیل کی اصل روح کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور خوشگوار انداز میں ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں 5 نومبر کو ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی۔تاہم میچ کے نتیجے سے ہٹ کر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا باہمی رویہ بھی خاص توجہ کا مرکز بنا۔ مقابلے سے قبل اور میچ کے اختتام پر پاکستانی اور بھارتی فٹبالرز نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور خوشگوار انداز میں ملاقات کی۔

کرکٹ کے برعکس فٹبال میں خوشگوار مناظر
پاک بھارت فٹبال میچ میں مصافحے کے یہ مناظر اس لیے بھی نمایاں رہے کیونکہ حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ مقابلوں کے دوران ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ خبروں کی زینت بنتا رہا ہے۔سال 2025 کے ایشیا کپ میں بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا تھا، جس کے بعد کھیل کے میدان میں دونوں ٹیموں کے رویے پر بحث شروع ہوگئی تھی۔اس کے برعکس فٹبال کے میدان میں بھارتی ٹیم کے کوچ نوشاد موسیٰ نے میچ سے قبل ہی مثبت رویے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو گلے لگانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

بھارتی اور پاکستانی کپتانوں کا مؤقف
بھارتی کپتان نیتھن روڈریگز نے بھی مصافحے کو معمول کی بات قرار دیا، جبکہ پاکستانی کپتان عالمگیر غازی نے دونوں کھیلوں کے فرق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ فٹبال ہے، اسی لیے اسے خوبصورت کھیل کہا جاتا ہے۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا یہ رویہ کھیلوں کے ذریعے باہمی احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے فروغ کی ایک مثبت مثال بن کر سامنے آیا۔