لیسکو کا آپریشن، کروڑوں کی بجلی چوری پکڑلی، ملزموں کی شدید فائرنگ

 لدھیکے گائوں میں فرنس سٹیل اور پولٹری فارم پر بجلی چوری پکڑی گئی‘ملزموں نے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا
چیف ایگزیکٹو لیسکو سکیورٹی  اہلکاروں کے ساتھموقع پر پہنچ گئے‘پولیس نے  12 ملزموں کو گرفتار کرلیا
لاہور(سپیشل رپورٹر) لیسکو کا رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ بڑا آپریشن، کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی، ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ موقع پر پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکسیئن رائیونڈ علی رضا کی زیر نگرانی ایس ڈی او جیا بگا آصف خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لدھیکے گائوں میں فرنس سٹیل اور پولٹری فارم پر کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی، ملزم لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے، غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے پر ملزموں شہباز اور اشرف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیسکو ٹیم پر حملہ کردیا۔ ملزمان نے شدید فائرنگ کرتے ہوئے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ دیگر افسران اور سیکیورٹی اداروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس نے موقع سے 12 ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ پولیس ٹیم کی جانب سے 400 کے وی اے اور 25 کے وی اے کا ٹرانسفارمر اتار لیا گیا، لیسکو کی جانب سے ملزمان کو 8 کروڑ روپے ڈٹیکشن بل چارج کیا گیا ہے۔