کراچی: گھریلو مسائل سے تنگ شہری ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا، ریسکیو نے بحفاظت نیچے اتار لیا

کراچی: گھریلو مسائل سے تنگ شہری ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا، ریسکیو نے بحفاظت نیچے اتار لیا

کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں گھریلو مسائل سے تنگ ایک شہری ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد بحفاظت نیچے اتار لیا۔

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں ابراہیم حیدری کے علاقے پاسبان چوک کے قریب ایک شخص اچانک ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں شہری موقع پر جمع ہو گئے۔پولیس کے مطابق پول پر چڑھنے والے شہری کی شناخت عبدالحکیم کے نام سے ہوئی ہے جو علی اکبر گوٹھ ابراہیم حیدری کا رہائشی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عبدالحکیم نے گھریلو مسائل سے دلبرداشتہ ہو کر یہ قدم اٹھایا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور سیڑھی کے ذریعے پول پر چڑھ کر شہری کو بات چیت کے ذریعے قائل کیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد اہلکار اسے بہلا پھسلا کر نیچے اتارنے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے شہری کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا جہاں بعد ازاں اسے اس کے بھائی کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے عبدالحکیم کے بھائی کو ہدایت کی کہ وہ اسے طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جائے تاکہ اس کی مکمل جانچ کی جا سکے۔