چترال: لوئر چترال میں شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ کے دوران ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہو گئی، جس کے باعث کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 لوئر چترال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں فوری امدادی کارروائی شروع کی۔ شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر تعینات ریسکیورز نے بطور فرسٹ ریسپانڈر موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، جبکہ بعد ازاں ضلعی ہیڈکوارٹر سے اضافی ٹیمیں بھی روانہ کی گئیں۔ریسکیو ٹیموں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات سمیت مختلف متاثرہ علاقوں میں مسلسل چھ گھنٹے تک امدادی آپریشن جاری رکھا۔ اس دوران ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور تمام مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔
امدادی کارروائی میں ریسکیو 1122 کے 20 اہلکار، تین ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر تعاون برقرار رکھا گیا تاکہ شاہراہ کی جلد بحالی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ریسکیو 1122 کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس فلیش فلڈ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ تمام پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔