راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے، جب کہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ رات سے اب تک جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔ایسے میں پاک فوج ایک بار پھر عوام کی مدد کے لیے سرگرم ہو گئی۔ راولپنڈی کے چکری روڈ پر گاؤں لڈیان میں سیلاب میں پھنسے ایک خاندان کو ریسکیو کرنے کے لیے پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی کارروائی انجام دی۔سیلابی ریلے کے باعث خاندان کے افراد مکان کی چھت پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے۔ خراب موسم اور مسلسل بارش کے باوجود پاک فوج کا ہیلی ریسکیو مشن کامیابی سے مکمل ہوا، اور شدید خطرے میں گھرے تینوں افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں۔ریسکیو آپریشن کے بعد متاثرہ خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق پنجاب کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔