وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ہے اور پاکستان نے چالیس سال تک افغان بھائیوں کی خدمت کی، لیکن اس بھائی چارے کا مناسب صلہ نہیں ملا۔
پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے افغان بھائیوں سے مخاطب ہو کر کہا: "پاکستان میں قتل و غارت بند کرو۔ جنرل عاصم منیر کی موجودگی میں یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ پاکستان کو کوئی نقصان پہنچائیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسرائیل کی جانب سے قتل عام کی مذمت کی گئی، لیکن ہمارے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے۔وزیراعلیٰ نے پشین کو ڈویژن بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں اور تعلیم، صحت اور امن کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے کہ وہ اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکتے، لیکن وہ بلوچستان کے کونے کونے میں جاتے ہیں تاکہ عوام کی خدمت کی جا سکے۔