بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر ردعمل قابلِ ستائش ہے، ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں سے ملاقات کی اور فوری و مؤثر کارروائی پر بہادر جوانوں کو شاباش دی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 700 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، جبکہ صرف گزشتہ دو دنوں میں 70 کے قریب دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج علی الصبح فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گرتے ہوئے مورال کو سہارا دینے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور ایف سی کے جانباز سپاہیوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا دیا اور اب تک درجنوں دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ یہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، اور ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔