ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر کی شہادت کا اسرائیلی دعویٰ

تہران ،تل ابیب (خصوصی رپورٹ )اسرائیل نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیا تاہم ایرانی حکام یا پاسداران انقلاب نے اس کی تاحال تصدیق نہیں کی۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ تنگسیری آبنائے ہرمز کی بندش اور بمباری کی دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے براہ راست ذمہ دار تھے اور انہیں اڑا دیا گیا ہے جبکہ ایرا نی بحریہ کے متعدد دیگر سینئر حکام بھی مارے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کا کہناتھاکہ اسرائیلی حملے میں شہری علاقے ہدف تھے، ایک عمارت تباہ ہوگئی ، جنوبی خراسان میں بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ایران نے گزشتہ روز اسرائیلی شہر حیفا اوردیمونا پر حملے کئے جس میں متعدد اسرائیلی زخمی اورکئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔اسرائیل کا کہناہے کہ کئی ایرانی میزائل فضا میں تباہ کردئیے گئے تاہم اسرائیل نے ایلیٹ اہلکار کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا۔ابوظہبی میں میزائل حملے سے ایک پاکستانی سمیت 2افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔اماراتی حکام کاکہناہے کہ ایرانی بلیسٹک میزائل کو تباہ کردیا گیاتھاتاہم سویحان سٹریٹ میں میزائل کا ملبہ گرنے سے نقصان ہوا اورکئی گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا۔مقامی حکام نے اس حوالے سے ایک اپڈیٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک شخص کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ دوسرا شخص انڈین ہے جبکہ زخمیوں میں متحدہ عرب امارات، اردن اور انڈیا کے ایک ایک شہری شامل ہیں۔سعودی عرب کاکہناہے کہ مشرقی صوبے میں 8 ایرانی ڈرون تباہ کردئیے ۔ اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیساتھ لڑائی میں گزشتہ روز دو فوجی ہلاک ہو گئے ،2مارچ سے جاری جھڑپوں میں اب تک چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔