راولپنڈی(آئی این پی ) کمانڈر کویت نیول فورس میجر جنرل(نیوی) سیف عبدالہادی الحملان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر کویت نیول فورس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطے کی بحری سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک کویت بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور بحری تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کمانڈر کویت نیول فورس کا دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی تعلقات اور خطے میں بحری امن و استحکام کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔